عید کے موقع پر تصویر بنانے کے بہانے بلا کر مبینہ طور پر زہریلی چیز پلائی گئی،شکر ہے میری بیوی نے جوس نہیں پیا، ٹک ٹاکر حکیم بابر کا ہسپتال کے بستر سے ویڈیو بیان جاری

سمبڑیال ٹک ٹاکر  حکیم بابر نے  بتایا ہے  کہ عید کے تیسرے دن صفدر عرف 'سیکو'  نامی شخص نے انہیں یہ کہہ کر اپنے گھر مدعو کیا کہ 'آپ ہمارے گاؤں آئے ہیں، میری اہلخانہ اور بچوں نے آپ کے ساتھ تصویر بنانی ہے'۔حکیم بابر  اپنے بھانجے ثاقب کے ہمراہ صفدر کے گھر گئے جہاں انہیں پہلے چائے پلائی گئی اور بعد ازاں بجلی جانے کا بہانہ بنا کر ساتھ والے گھر لے جایا گیا، جہاں انہیں جوس پلایا گیا۔ حکیم بابر کا کہنا ہے کہ جوس پینے کے کچھ ہی دیر بعد ان کی طبیعت یکسر بگڑ گئی، چکر آنے لگے اور وہ نڈھال ہو کر گر پڑے۔ انہوں نے فوراً اپنے اہلخانہ کو ہسپتال منتقل کرنے کا کہا۔ نجی ہسپتال کی جانب سے کیس لینے سے انکار پر انہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے فوری طبی امداد دیتے ہوئے ان کا معدہ واش  کیا اور جان بچائی۔حکیم بابر نے بتا یا کہ میری بیوی عنبر بھی اس موقع پر وہاں موجود تھی لیکن میں نے اسے جوس پینے سے منع کر دیا تھا اور وہاں سے جلدی نکلنے کا کہا، جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہی۔ میرے بھانجے نے بھی جوس پیا تھا تاہم وہ محفوظ رہا لیکن مجھے دی گئی چیز کی وجہ سے میری حالت غیر ہوئی۔متاثرہ شخص نے دورانِ علاج ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

0/Post a Comment/Comments