ہانگ کانگ: اب تکیے بھی اسمارٹ ہوگئے اور سونے کے انداز کے لحاظ سے خود کو بدلنے والا ایک اے آئی تکیہ بنایا گیا ہے جو ایک جانب تو نیند کے لیے مساج کرتا ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کر خراٹوں کو روک سکتا ہے۔
اس تکیے کو آل آئی سلیپ کا نام دیا گیا ہے جو ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد پوری رات تک کام کرتا ہے۔ اس کے اندر چار عدد ہوائی تھیلیاں ہیں جو سکڑتی اور پھیلتی ہیں۔ اس سے سر کو آرام ملتا ہے اور وہ اس پوزیشن میں آجاتا ہے کہ سانس لینا آسان ہوجاتا ہے اور یوں خراٹوں کا عمل کم کم ہوجاتا ہے۔
جیسے ہی تکیہ خراٹوں کی آواز سنتا ہے اس کے اندر لگے سینسر فوری طور پر اسے محسوس کرکے ہوائی بیگ کو بدلتے ہیں۔ اس طرح سر ایک ایسی پوزیشن میں آجاتا ہے جہاں خراٹے بند ہوجاتے ہیں۔ آل آئی سلیپ کے اندر ایک مساج کرنے والا نظام بھی نصب ہے جو گردن اور کندھے کا مساج کرکے آپ کو سکون پہنچاتا ہے ۔ یہاں تک کہ آپ گہری نیند میں چلے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے ریموٹ کنٹرول سے بھی چلایا جاسکتا ہے۔
اس کے اندر موجود نظام آپ کے سونے کے انداز کو اچھی طرح نوٹ کرکے عین اسی لحاظ سے کام کرتا ہے۔
تکیے کو آن کرنے کے بعد اسے مساج موڈ یا اینٹی اسنورنگ (خراٹے روکنے والے) موڈ میں رکھا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب پورے نظام پر جو فوم چڑھایا گیا وہ شیپ میموری ہے اور آپ کی گردن کے وزن کے لحاظ سے کام کرتا ہے۔
فی الحال اس کی تعارفی قیمت 109 ڈالر رکھی گئی ہے اور جلد ہی اس کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔
Post a Comment