دنیائے موسیقی کا ایک بڑا نام شوکت علی 3 مئی 1944 میں لاہور میں اندرون بھاٹی گیٹ میں پیدا ہوئے، 5 سے زائد دہائیوں پر محیط اپنے موسیقی کے سفر کے دوران انہوں نے کئی پاکستانی فلموں کیلئے گیت گا کر عالمگیر شہرت حاصل کی۔شوکت علی پہلی مرتبہ 1960 کی دہائی میں شہرت کی بلندیوں پر اس وقت پہنچے جب انہوں نے اس وقت کی مشہور فلم ’تیس مار خان‘ کے لئے اپنی آواز پیش کی۔شوکت علی نے 1965 اور 1971 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران ملی نغمے بھی گائے، ان کے نغمے ’’جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘‘ سن کر آج بھی جوش و ولولہ پیدا ہوجاتا ہے۔شوکت علی نے موسیقی کی تقریباً تمام تر اصناف میں اپنی آواز کو کامیابی سے آزمایا، ان کے گائے چھلے کو تو خاصا پسند کیا گیا، انہوں نے اردو میں بھی کافی فلموں کیلئے گانے اور غزلیں وغیرہ گائیں لیکن وہ زیادہ مشہور پنجابی کے صوفی کلام کے لئے تھے۔شوکت علی کو حکومت کی طرف سے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا، اپنے وقت کے عظیم گلوکار 2 اپریل 2021 کو اس دار فانی سے رخصت ہوگئے۔
Post a Comment