موبائل پر شناختی کارڈ بنوانے کیلئے نادرا نے نئی ایپلی کیشن متعارف کروا دی۔نادرا

سرکار خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی خبر کے مطابق نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا دفتر اب پاکستانی شہریوں کے موبائل فون پر آ گیا ہے کیونکہ نادرا کی طرف سے پیش کی جانے والی جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہری اب نہ صرف شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بنوانے کی درخواستوں کے لئے تمام تر کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکتے ہیں بلکہ شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں۔ نادرا کی پاک آئی ڈئی موبائل ایپ  کی وجہ سے شہریوں کو نادرا کے دفاتر جاکر طویل قطاروں میں کھڑے ہونے اور گھنٹوں کے انتظار سے نجات مل جائے گی، اوروہ  شناختی کارڈ اوردیگر شناختی دستاویزات بنوانے  کی درخواستوں کی تمام تر کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل  کرسکیں گے  اور شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر بھی منگوا سکیں گے۔

نئی موبائل ایپ کی اہم خصوصیات پرروشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اوربایومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے جن کی بدولت شناختی دستاویزات بنوانے  کی پوری  کارروائی اسمارٹ   فون کے ذریعے ہی مکمل کی جاسکتی ہے

طارق ملک نے  کہا کہ یہ موبائل ایپ  شہریوں کے لیے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نادرا کی کامیابیوں میں بھی ایک نیا اضافہ ثابت ہو گی جس کی بدولت قبل ازیں پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے جس نے  بایومیٹرک لینے اور دستاویزات جمع کرانے جیسی سہولیات آن لائن متعارف کرا دی ہیں۔

چیئرمین نادرا نے بتایا  کہ اس ایپ کی تیاری میں “کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی” کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا کر جدید ڈیجیٹل سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری اس ایپ میں دیے گئے سروے کے ذریعے ہمیں اپنی مفید آرا سے ضرور آگاہ کریں۔

0/Post a Comment/Comments