مہمان آبی پرندوں نے پاکستان کے پتنوں کا رُخ کر لیا۔
پسرور سردی میں اضافہ ہوتے ہی سائیبریا، شمالی چین اور منگولیا سے 4ہزار کلومیٹرز کی اڑان بھر کر مہمان پرندوں نے پاکستان کے پانیوں کا رخ کرلیا۔ ضلع سیالکوٹ اور نارووال میں دریائے چناب، نالہ ایک ،نالہ پلکھو،نالہ ڈیک، بسنتر، بئیں ،راوی اور دریائے توی کے پتن ،نہر مرالہ راوی لنک ،نہر بی آر بی اور پانی کے چھمب رنگ برنگے پرندوں سے سج گئے ہیں۔ ان پرندوں کی دلکش آوازوں سے فضاؤں میں جلترنگ بجنے لگی۔ سب سے زیادہ پرندے ہیڈ مرالہ کے پانی میں غوطے لگاتے نظر آتے ہیں۔ ان پرندوں میں مُرغابی، ہنس، مگ ،کُونج ،گولڈن ڈک، سیگل ،گِیز، سوان اور دیگر پرندے شامل ہیں۔ مہمان پرندوں کی آمد کے ساتھ ہی شکاری بھی متحرک ہوگئے ہیں۔ تاہم بارڈر ایریا کے قریب ،ہیڈ مرالہ اور دریائے راوی پر چناب رینجرز کے جوانوں نے فطرت سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے شکاریوں کو مہمان پرندوں پر گولی چلانے سے سختی کے ساتھ روک دیا ہے۔ مہمان پرندے پاکستان کے پانیوں کے قریب انڈے دے کر اپنی نسل بڑھائیں گے اور آئیندہ سال اپریل،مئی میں واپسی کے لیئے رخت سفر باندھیں گے۔ پرندوں کاسرد موسم میں سائبیریا سے جنوبی ایشیائی ممالک پاکستان اور ہندوستان آنے اور اپریل مئی میں واپسی کا سفر اختیار کرنے کا سلسلہ صدیوں سے جاری ہے۔
Post a Comment