پاکستان سپورٹس بورڈ نے سائوتھ ایڈیشن گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے قومی کھلاڑیوں میں انعامات کی مد میں مزید ایک کروڑ 11 لاکھ 25 ہزار تقسیم کر دیئے۔ بدھ کو وزات بین الصوبائی رابطہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گیمز میں شرکت کرنے والی پاکستان کی اتھلیٹکس ٹیم کے 15کھلاڑیوں میں انعامی چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ سائوتھ ایشیئن گیمز کے میڈل ونر کو وزیراعظم کے ہاتھوں انعامات تقسیم کرنا چاہتی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث یہ تقریب اب سادہ رکھی جا رہی ہے ، کورونا کی وجہ سے مشکلات کے شکار کھلاڑی کیش ایوارڈ ملنے پر بہت خوش ہیں۔ ترجمان پاکستان سپورٹس بورڈ اعظم ڈار کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق سائوتھ ایشیئن گیمز کے میڈل ونرکھلاڑیوں میں کیش تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو پاکستان اتھلیٹکس ٹیم کے 15ممبران میں انعامی رقم کی تقسیم کی گئی۔ انعامات تقسیم کرنے کی تقریب وزارت بین الصوبائی رابطہ میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے انعامات تقسیم کئے، گیمز کے اتھلیکٹس ایونٹ میں پاکستان نے 5 گولڈ، 2 سلور اور 6 برائونز میڈل حاصل کئے تھے۔ کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 11 لاکھ 25 ہزار تقسیم کئے گئے۔گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں میں 10 لاکھ کی انعامی رقم فی کس تقسیم کی گئی۔ سلور میڈلسٹ ٹیم کو 5 جبکہ برائونز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کو اڑھائی لاکھ فی کس انعامی رقم دی گئی۔ اتھلیکٹس ٹیم کے انعامات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں محمد ارشد، ندیم احمد، عزیر رحمان، محمد نعیم، محبوب علی، شمس الحق، سمیع اللہ، محمد سعادات، عبد المتین، نوکر حسین اور محمد شہباز شامل ہیں جبکہ ویمن کھلاڑیوں میں نجمہ پروین، شاہب اسراء، انیلہ گلزار، رابعہ عاشق، ایشیاء عمران شامل ہیں۔ انعامی رقوم کی تقسیم کی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے آئی پی سی سامیہ ندیم، سیکرٹری منسٹری آف آئی پی سی محمد علی شہزادہ، سیکرٹری پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن محمد ظفر موجود تھے۔
Post a Comment