محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں یکم جون سے سمر کیمپس لگانے کی اجازت دے دی۔سما ٹی وی کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق سمر کیمپس یکم جون سے 30 جون تک جاری رہیں گے۔سمر کیمپس صرف پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے 10 بجے تک لگائے جاسکیں گے جبکہ جمعہ کے روز سمر کیمپ بند رہیں گے۔تمام کلاسز کے طلبہ سمر کیمپس میں شرکت کرسکیں گے تاہم شرکت لازمی نہیں ہوگی اور والدین کی اجازت ضروری قرار دی گئی ہے۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ نجی اسکول سمر کیمپ کے نام پر اضافی فیس وصول نہیں کرسکیں گے۔تمام سرگرمیاں کلاس رومز اور ان ڈور ماحول میں کرائی جائیں جبکہ اسکول انتظامیہ ٹھنڈے پانی، صفائی، پنکھوں اور بجلی کے بیک اپ کی فراہمی یقینی بنائے۔سمر کیمپس میں شریک طلبہ کیلئے یونیفارم لازمی نہیں ہوگی اور موسم کے مطابق لباس پہننے کی اجازت دی جائے گی۔حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Post a Comment